(قارئین آپ بھی بخل شکنی کریں۔ اپنے روحانی اور طبی مشاہدات لکھیں نیز عبقری کے آزمائے ہوئے تجربات سے دوسرے قارئین کو ضرور مستفید کریں اور اپنی تحریر صفحے کے ایک طرف اور خوشخط لکھیں چاہے بے ربط ہی کیوں نہ ہو ۔نو ک پلک ہم خود سنوار لیں گے۔)
صلوٰتہ الحاجات سے مشکلات کا حل
حکیم صاحب! میرے ایک دوست جس کا نام گل مست ہے اس نے ایک قصہ سنایا ۔میں ہر جمعہ کو اپنے گوٹھ میں ایک مولوی صاحب کو دعوت دے کر وعظ کے لئے بلاتا ہوں اور خدا کی توفیق سے خاطر تواضع بھی کرتا ہوں لیکن اس جمعہ کو میرے پاس پیسے بھی نہیں تھے حالانکہ میں گورنمنٹ ملازم ہوں پھر بھی پریشانی نے آن گھیرا۔ بھائی کو فون کیا اس کے پاس بھی پیسے نہیں تھے۔ سبزی تو گھر میں تھی لیکن مجھے شرم آرہی تھی کہ سبزی کیسے کھلائوں۔ ہر جمعہ کو گوشت اور مرغی ہوتی ہے اسی دوران مجھے خیال آیا کہ کیوں نہ میں صلوٰتہ الحاجات پڑھ لوں۔ میں نے دو رکعت صلوٰتہ الحاجات پڑھی اور بعد میں دعا کے لئے ہاتھ اٹھائے پورے یقین اور پوری آہ وزاری سے خدا سے دعا کی کہ اے اللہ پاک! اب بندوبست کر دے ۔میں نماز سے فارغ ہو کر گھر آگیا۔ 10منٹ کے بعد ایک دوست آیا انہوں نے مجھے دو کلومچھلی دی کہ بھائی تمہارے لئے لایا ہوں۔ حکیم صاحب !اگر بندے میں خدا کے اوپر یقین اور توکل ہو تو غیبی امداد بھی ہو جاتی ہے۔ ویسے بندہ خدا کو پیارا بھی تو ہے وہ کیسے اپنے بندوں کو پریشان کر سکتا ہے۔ ایک دفعہ میرے پاس بھی اسباب نہیں تھے۔ شہر پہنچا تو پتہ نہیں کہاں سے بندوست ہوا میں حیران رہ گیا۔ صلوٰتہ الحاجات سے کافی مشکلات حل ہوئی ہیں۔ ہم نے خدا کو چھوڑ دیا ہے تب ہی تو یہ پریشانیاں آتی ہیں۔ جب صبح کی نماز کو رزق مل رہا ہوتا ہے تب ہم نیند لے رہے ہوتے ہیں جب آدھی رات کو صدائیں آتیں ہیں تب ہم خواب دیکھ رہے ہوتے ہیں۔(ابن عبد اللہ،سندھ )
قرض کی ادائیگی کیلئے
سورتہ الضحیٰ کا وظیفہ ہر نماز کی ہر رکعت میں ایک بار پڑھیں انشاءاللہ تعالیٰ قرض نہ رہے گا۔
شوگر کا نسخہ
تبوک سعودیہ کے چیف جسٹس شیخ صالح محمد نے طویل عرصہ تجربات کے بعد شوگر کے مریضوں کیلئے ایک بہت موثر اور سستی دوا ایجاد کی ہے جس کا تیار کرنا بھی آسان ہے ۔اس کا نسخہ یہ ہے۔
مُرمکھی 100گرام، لوبان100گرام، ہینگ100گرام، مصبر100گرام، کلونجی100گرام، 3 سیرپانی۔ پانچوں چیزیں سو سو گرام لے کر پیس لیں۔ اب اس مرکب کو تین سیر پانی میں ڈال کر دس منٹ تک خوب جوش دلائیں اور چولہے سے اتار کر اس تمام مرکب کو ٹھنڈا کر لیں اور پھر چھان کر کسی برتن یا بوتل میں محفوظ کر لیں۔ دوا تیار ہے۔ ترکیب استعمال یہ ہے۔
ہر صبح نہار منہ ایک کافی کپ (عربی قہوہ کپ چھوٹا) یا چار بڑے چمچ دوا ناشتے سے پہلے، روزانہ چالیس دن تک استعمال کرنی ہے۔ اس کے بعدتین دن تک ایک ایک دن چھوڑ کر استعمال کی جائے اور پھر بالکل بند کر دی جائے۔ آپ جو چاہیں کھائیں پئیں۔ انشاءاللہ تعالیٰ آپ تندرست ہو چکے ہونگے۔ بعض مریضوں کو دواءکے استعمال کے دوران یا آخر میں اسہال یا رفع حاجت کے بعد تکلیف محسوس ہو گی یا ہو سکتی ہے۔ مگر گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے کوئی دوسری دواءاستعمال نہ کی جائے۔ شوگر کی اس دوا سے قبض، گیس موٹاپا اور خرابی خون کی وجہ سے خارش کے مریضوں کو بھی خاطر خواہ فائدہ ہوا ہے۔
نوٹ
(40) یوم مسلسل صبح نہار منہ، پھر دو دن کا وقفہ کر لیں(42یوم) ، (44یوم)، (46یوم) اس کے بعد بالکل بند کر دیں۔آپ سے گزارش ہے کہ عوام الناس کے فائدے کیلئے اس نسخہ کو عام کریں تاکہ آپ دین و دنیا کی فلاح پائیں۔(منیر احمد جہانیاں)
سوچنے کا مقام
قارئین کرام آج جس بات نے مجھے قلم اٹھانے پر مجبور کیا ہے اس کی وجہ ایک اعلان ہے جو دیہات میں قریبی مسجد سے روزانہ ہوتا ہے۔ قاری صاحب کہتے ہیں کہ بچوں کے قرآن پڑھنے کا وقت ہو گیا ہے انہیں مسجد بھجوا دیں۔ میں روزانہ سوچتی ہوں کیا قاری صاحب کے فرائض میں یہ بات بھی شامل ہے کہ وہ روزانہ بچوں کو بلانے کے لئے اعلان کریں۔ ایک زمانہ تھا کہ علم کے پیاسے دور دراز سے علم حاصل کرنے کے لئے سفر کرتے تھے اب والدین بھی ایسے ہیں کہ توجہ نہیں دیتے تو بچوں پر کس بات کا گلا کہ وہ پڑھنے پر دھیان نہیں دیتے۔ دنیاوی تعلیم پر تو والدین اس قدر توجہ دیتے ہیں کہ اچھے سے اچھے سکول کا انتخاب ہوتا ہے پھر اکیڈمی میں بچے کو بھیجا جاتا ہے تاکہ پوزیشن حاصل کر سکے مگر بہت افسوس کے ساتھ یہ بات لکھ رہی ہوں کہ ہم میں سے بہت ہی کم ایسے ہیں جو اپنے بچوں کی دینی تعلیم کے لئے تردد کرتے ہوں۔ بہت سے لوگ کہتے ہیں ساری عمر پڑی ہے قرآن بھی پڑھ لیں گے۔ اچھی پوزیشن لیتے رہیں تو آئندہ زندگی میں کامیاب ہوں گے دنیا کے لئے اتنی فکر کہ بچہ کچھ بن جائے مگر آخرت کے لئے بہت کم لوگوں کا دھیان ہوتا ہے کہ ہمارا بچہ قرآنی تعلیمات حاصل کر کے ہمارے لئے صدقہ جاریہ بنے۔ جب ہم دنیا میں نہ رہیں تو ہمارے ایصال ثواب کے لئے ہاتھ اٹھا کر دعا مانگے۔ اولاد کی دعا ماں باپ کے حق میں جلد قبول ہوتی ہے۔ ہم شائد یہ بات بھول گئے ہیں کہ جتنی نعمتیں ہمیں ملی ہیں ان کے بارے میں باز پرس بھی ہو گی اور ان میں اولاد کی تربیت کے بارے میں بھی پوچھا جائے گا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد پاک ہے کہ باپ اپنی اولاد کو جو دیتا ہے ان میں بہترین چیز اچھی تربیت ہے۔
میرا لکھنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ خدارا پہلے اپنے بچے کو مسلمان بنائیں پھر اسے ڈاکٹر، انجینئر یا پائلٹ بنانے کے بارے میں سوچیں کیونکہ دنیا کے رتبے اور ترقیاں یہیں رہ جائیں گی۔ ہماری آخرت میں صرف ایمان کی مضبوطی ہی کام آئے گی۔ بچوں کو قرآن کی تعلیم دلوائیں۔ نماز پڑھنے کا درس دیں اس کے لئے آپ کو خود ان کے لئے نمونہ بننے کی ضرورت ہے آپ جو کریں گے بچہ اس کی تقلید کریگا۔ ایک اور بات معذرت کے ساتھ لکھنا چاہوں گی کہ جو بچہ سکول کی تعلیم حاصل کرنے میں پیچھے رہ جاتا ہے یا پڑھنا نہیں چاہتا تو اسے مدرسے میں حفظ قرآن کی تعلیم کے لئے بھجوا دیا جاتا ہے اور والدین کہتے ہیں چلو نہیں پڑھتا تو نہ سہی۔ قرآن پاک ہی حفظ کرے مگر عدم توجہ کی وجہ سے بچہ وہاں سے بھی کچھ حاصل نہیں کر پاتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کی دینوی ودنیاوی تعلیم پر دھیان رکھا جائے۔ خود کو مثال بنا کر بچے کی ان خطوط پر پرورش کریں کہ وہ نہ صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہو اور آپ کیلئے نجات کا ذریعہ بن سکے۔ ( ہمشیرہ محمد اکمل فاروق،سرگودھا)
بیماریوں، غموں اور تفکرات کا صدقہ سے علاج (عزیز الرحمن 23جنوبی سرگودھا )
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا۔ اپنے مالوں کو زکوٰتہ ادا کر کے پاک کرو اور اپنے بیماروں کا صدقہ سے علاج کرو اور مصیبتوں کی موجوں کا دعا سے استقبال کرو ۔ کنز العمال میں کئی احادیث میں یہ مضمون آیا ہے کہ اپنے بیماروں کی صدقہ سے دوا کیا کرو اور تجربہ بھی اس کا شاہد ہے کہ صدقہ کی کثرت بیماری سے شفاءہے۔ ایک حدیث میں آیا ہے کہ صدقہ سے بیماروں کا علاج کیا کرو کہ صدقہ آبرو ریزیوں کو بھی ہٹاتا ہے اور بیماریوں کو بھی ہٹاتا ہے اور نیکیوں میں اضافہ کرتا ہے اور عمر کوبڑھاتا ہے ۔ایک حدیث میں آیا ہے کہ صدقہ ستر بلائوں کو روکتا ہے جن میں کم سے کم درجہ جذام کی اور برص کی بیماری ہے۔ (کنزالعمال) ایک حدیث میں آیا ہے کہ اپنے تفکرات اور غموں کی تلافی صدقہ سے کیا کرو اس سے حق تعالیٰ شانہ، تمہاری مغفرت کرے گا اور تمہارے دشمن پر بھی مدد کرے گا۔
حضرت عبد اللہ بن مبارک رحمتہ اللہ علیہ کے پاس ایک شخص حاضر ہوئے اور عرض کیا میرے گھٹنے میں ایک زخم ہے۔ ہر قسم کی دوا اور علاج کر چکا ہوں کسی سے بھی فائدہ نہیں ہوتا۔ بڑے بڑے طبیبوں سے بھی رجوع کر چکا ہوں۔ حضرت عبد اللہ بن مبارک رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا جس جگہ پانی کی قلت ہو وہاں ایک کنواں بنوا دو مجھے اللہ کی ذات سے امید ہے کہ جب اس میں پانی نکل آئے گا تب تمہارے گھٹنے کا خون بند ہو جائے گا۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا اور گھٹنے کا زخم اچھا ہو گیا۔مشہور محدث ابو عبد اللہ حاکم رحمتہ اللہ علیہ کے چہرہ پر ایک زخم ہو گیا تھا ہر قسم کے علاج کئے۔ کوئی بھی کارگر نہ ہوا ایک سال اسی حال میں گزر گیا۔ ایک مرتبہ استاد ابو عثمان صابونی رحمتہ اللہ علیہ سے دعا کی درخواست کی۔ جمعہ کا دن تھا انہوں نے بڑی دیر تک دعا کی۔ مجمع نے آمین کہی دوسرے جمعہ ایک عورت حاضر ہوئیں اور ایک پرچہ مجلس میں پیش کیا جس میں یہ لکھا تھا کہ میں گزشتہ جمعہ کو جب گھر واپس گئی تو حاکم رحمتہ اللہ علیہ کیلئے بہت اہتمام سے دعا کرتی رہی۔ میں نے خواب میں حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ حاکم سے کہہ دو کہ مسلمانوں پر پانی کی وسعت کرے۔ حاکم نے یہ سن کر اپنے گھر کے دروازہ پر ایک سبیل قائم کر دی جس میں پانی کے بھرنے کا اور اس میں برف ڈالنے کا اہتمام کیا۔ ایک ہفتہ گزرا تھا کہ چہرہ کے سب زخم بالکل اچھے ہو گئے اور پہلے چہرہ سے زیادہ خوشنما ہو گیا۔ (ترغیب)
بندہ نے یہ واقعہ ایک بزرگ سے خود سنا ہے کہ ایک شخص کسی متعدی مرض میں مبتلا تھا اور ڈاکٹر اس کا علاج کر رہے تھے۔ ایک دن ڈاکٹروں نے کہا کہ مرض اس کے سارے جسم میں پھیل گیا ہے اور اس کا بچنا محال ہے ۔ اس مریض نے یہ سن کر فوراً ایک خطیر رقم صدقہ کرنے کا اظہار کر دیا۔ تھوڑی دیر بعد بالکل تندرست معلوم ہونے لگا ڈاکٹر بھی حیران تھے۔ایک اور واقعہ عرض کرتا ہوں کہ میرے ایک انتہائی قریبی دوست بھائی، اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کرنے جا رہے تھے۔ روانگی سے صرف چند دن قبل بہت گھبرائے ہوئے ملے کہ میری اہلیہ جو ان کے ساتھ حج پر جا رہی تھی بہت بیمار ہو گئی ہے۔ مجھے یاد ہے وہ اتوار کا دن تھا جس ڈاکٹر سے علاج کروانا تھا ان کا کلینک بھی بند تھا۔ میں نے ان سے عرض کیا پریشانی کی ضرورت نہیں ہم ایک قریبی مدرسہ میں گئے اور میرے اس دوست نے ایک خطیر رقم صدقہ کی۔ اللہ جل شانہ نے ایسا کرم فرمایا کہ بغیردوائی کے ان کی اہلیہ کی طبیعت سنبھل گئی اور حج بھی عافیت سے ہو گیا۔
ہاتھ دھونے کا عالمی دن اور اسلام کی تعلیمات
15اکتوبر 2008ءکو ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا گیا اور کئی شخصیات کو اس دن ہاتھ دھوتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس دن کے منانے کا مقصد صحت مندانہ ماحول کیلئے ہاتھ دھونے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اللہ جل شانہ کا کس قدر انعام واحسان ہے جس نے ہمیں ایسا دین عالیشان عطا فرمایا جس میں طہارت وپاکیزگی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ کوئی عبادت اس کے بغیر قابل قبول نہیں۔ اگر اسلام کے سچے اور سنہری اصولوں کے مطابق زندگی گزاری جائے تو اس قسم کے کئی عالمی دن منانے کی ہرگز ضرورت نہ پڑے۔ قرآن پاک میں واضح ارشاد ربانی ہے۔بے شک اللہ تعالیٰ توبہ کرنے والوں اور پاک صاف رہنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات میں صفائی کو ایمان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ آخر میں چند مواقع عرض کرتا ہو جن میں تقریباً روزانہ ہاتھ دھونے کی ترغیب اسلامی تعلیمات میں دی گئی ہے۔ صبح نیند سے بیدار ہونے کے بعد سب سے پہلے ہاتھ دھونے کا حکم ہے۔ اس طرح دن کا آغاز ہی ہاتھ دھونے سے ہوا، پانچ فرض نمازوں کے لئے جتنی دفعہ وضو کیا جائے گا اس میں نہ صرف ہاتھ بلکہ دیگر اعضاءبھی دھوئے جاتے ہیں۔کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھونا کھانے کے آداب میں شامل ہے۔جتنی مرتبہ استنجا کرنے کی ضرورت پیش آئے گی ہاتھ بھی دھوئے جائیں گے۔ ایک روایت میں آیا ہے کہ رات کو سونے سے قبل حضور صلی اللہ علیہ وسلم اس طرح وضو کا اہتمام فرماتے تھے جیسے نمازوں کیلئے کیا جاتا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع میں جو بھی سونے سے قبل وضو کرنے کا اہتمام کرے گا۔یقینا ہاتھ دھوئے گا لہٰذا دن کا اختتام بھی ہاتھ دھونے سے ہوا۔(مرسلہ:۔ عبد الرحمن، پشاور)
چھوٹی عمر میں بال سفید ہو جائیں
برگ نیم تازہ برگ بیری (چھوٹے بیر والی بیری ہو) 1-1پائو ، پانی سے دھو کر کونڈے میں ڈنڈے سے گھوٹ کر مالیدہ کریں۔ تیل سرسوں ½کلو میں ڈال کر پکا لیں۔ پتے جب سرخی سیاہی مائل ہو جائیں تو اتار کر ٹھنڈا کرکے بوتل میں محفوظ کریں۔ اگر پانی تیل میں موجود ہو تو ہلکی آگ پر پکا کر خشک کر لیں۔ یہ تیل متواتر سال بھر لگاتے رہیں۔ خوراک مخز 200گرام، سونف 100گرام، الائچی دانہ کلاں 50گرام۔ کوٹ پیس کر موٹی چھاننی سے چھان لیں۔ چینی ½ کلو ،پانی 250 گرام میں ڈال کر قوام چاشنی بنائیں۔ نیچے اتار کر تینوں اشیاءملا دیں اور کسی پرات میں ڈال کر رکھ دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر چاقو سے برفی کی طرح کاٹ کر ٹکڑے کر لیں۔ 25گرام روزانہ صبح و شام متواثر کھلائیں۔ آدھا کپ دودھ پلائیں۔ 6ماہ تا ایک سال متواتر کھلائیں۔ 25/20 یوم بعد 5/6 یوم کا ناغہ کر لیا کریں۔ انشاءاللہ تعالیٰ بال سفید نہ ہوں گے۔ سبزیاں پتوں والی مثلاً چقندر، شلجم، مولی بمعہ پتوں کے پکا کر سالن کھائیں۔ بند گوبھی ، گھیا توری، دیسی توری بہت مفید ہیں۔ ٹماٹر، گاجر، مٹر کے دانے نکال کر سوپ بنا کر پلائیں، ایک دو بوٹی گوشت چھوٹا ڈال لیں یا مرغی کا گوشت۔(حکیم رشید احمد، قصور)
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 793
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں