نو سال سے بخار
میری عمر 30 سال ہے‘مجھے ہر مہینے بخار ہوتا ہے‘ میں نو سال سے علاج کروا رہا ہوں ‘پاکستان کے ہر بڑے سے بڑے ڈاکٹر سے علاج کروالیامگر پھر بھی کوئی فرق نہیں پڑتا‘ہر مہینے میں مجھے سات آٹھ دن ضرور بخار ہوتا ہے ۔کوئی علاج یا مشورہ تجویز فرمائیں۔ (علی احمد بروہی‘ سرہاری)
مشورہ: طب میں بخار کی بہت سی اقسام ہیں۔ بخار کس طرح شروع ہوا۔ کیا علاج ہوئے‘ ٹیسٹ ہوئے۔ ان سے کیا معلوم ہوا‘ ملیریا‘ پیرا ٹائیفائیڈ‘ ٹائیفائیڈ وغیرہ کے ٹیسٹ کروائے یا نہیں۔ ٹانسلز کا کیا حال ہے۔ گلے میں کوئی تکلیف ‘ نزلہ‘ زکام‘ کھانسی تو نہیں ہے۔ تفصیل آنے پر ہی تدبیر بتائی جا سکے گی۔غذا نمبر3-2 استعمال کریں۔
گلا ٹھیک نہیں رہتا
میری عمر 12 سال ہے‘ مجھے نعت شریف پڑھنے کا بہت شوق ہے لیکن میرا گلا نعت پڑھنے میں ٹھیک نہیں رہتا‘ میں جب بھی نعت پڑھتا ہوں‘ میرا دم فوراً گھٹ جاتا ہے اور میرا گلا زیادہ تر موٹا رہتا ہے۔ (محمد عارف طاہری‘ کراچی)
مشورہ:۔ سوتے وقت ایک چمچی شہد خالص ایک کپ گرم پانی میں ملا کر پئیں‘ دو ہفتے میں شفاءہو گی۔ انشاءاللہ۔غذا نمبر5-3 استعمال کریں۔
متلی
متلی کی شکایت رہتی ہے‘ بہت دن پہلے مری میں گندا ناریل کھانے سے ہیضہ ہوا تھا‘ بڑی مشکل سے بچی‘ وہاں بڑے ہسپتال میں ٹھیک تو ہوئی مگر بیماری کا اثر باقی ہے۔
(نرجس ‘ اسلام آباد)
مشورہ:۔جوارش املی پانچ گرام غذا کے بعد کھائیں‘ دودھ‘ چاول‘ گرما وغیرہ سے پرہیز کریں۔غذا نمبر2-1 استعمال کریں۔
بڑا پیٹ
جسمانی طور پر صحت مند ہوں لیکن باقی جسم کی نسبت پیٹ کچھ بڑھا ہوا ہے۔ کوئی حل بتا دیں‘ دوسرا مسئلہ رنگ کا ہے‘ رنگ میرا قدرے صاف ہے لیکن گردن بہت زیادہ کالی ہے اور جب پسینہ آتا ہے تو بدبو بہت آتی ہے‘ یاد رہے گرم چیزیں موافق نہیں۔ (محمد احمد۔ میر پور)
مشورہ:ماہنامہ عبقری کا”گیس تبخیر کورس“ استعمال کریں۔ ایک ماہ کے بعد دوبارہ لکھیں‘ غذا کے بعد عمدہ میٹھے سندر خانی انگور ضرور کھائیں‘ خربوزہ اور گرما بھی مفید ہے۔غذا نمبر3-1 استعمال کریں۔
ابتدائی السر
میرا ہاضمہ خراب ہے‘ سینے میں جلن رہتی ہے زبان پر کٹنے کے نشان ہیں مگر ان میں کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔ چائے اگر تیز ہو تو بہت تکلیف ہوتی ہے۔ میں نے گلگت میں بڑے ڈاکٹر سے مشورہ کیا تو اس نے ایک گولی لکھ دی۔ اس گولی سے پہلے فائدہ ہوتا تھا مگر اب کم ہوتا ہے۔ ڈاکٹر کہتا ہے یہ گولی ہی کھائیں۔ لسی پینے سے بھی تکلیف ہوتی ہے۔
(جنت بی بی‘ عذرا شکومن)
مشورہ: یہ ابتدائی السر معلوم ہوتا ہے۔آپ ہلدی۔آملہ۔ملٹھی ہموزن کوٹ پیس کر آدھا چائے کا چمچ دن میں چار بار ہمراہ پانی یا لسی استعمال کریں ۔رات کو اور صبح نہار منہ مربہ آملہ تین دانے کھائیں۔غذا نمبر5 استعمال کریں۔
سرخ دانے
میری عمر سولہ سال ہے‘ چہرے پر سرخ رنگ کے دانے ہیں جن میں پیپ بھری رہتی ہے۔ یہ دانے دس سے پندرہ دن میں ختم ہوجاتے ہیں لیکن ان کے نشان چہرے پر باقی رہ جاتے ہیں۔ (ماہ رخ‘گروگاب‘ بلوچستان)
مشورہ: اطریفل شاہترہ پانچ گرام صبح نہار منہ کھالیا کریں‘ دس پندرہ دن کے بعد دوبارہ لکھیں۔غذا نمبر6-2 استعمال کریں۔
بھوک ختم ہوگئی
میری عمر 25 سال ہے شادی شدہ ہوں‘ میرا مسئلہ یہ ہے کہ کھانے کو دل بالکل نہیں چاہتا‘ پہلے بہت موٹا ہوا کرتا تھا لیکن اب دن بدن کمزور ہوتا جارہا ہوں‘ کوئی بیماری نہیں ہے۔ (وارث شاہ‘ ملتان)
مشورہ: کمزوری غذائی قلت کی وجہ سے معلوم ہوتی ہے غذا بحال ہونے پر کمزوری ازخود رفع ہوجائے گی‘ فی الحال حب کبد نوشادری ایک گولی غذا کے بعد دن میں تین بار کھائیں‘ دس بارہ دن کے بعد دوبارہ لکھیں۔غذا نمبر8استعمال کریں۔
سماعت گم ہوگئی
کچھ عرصے پہلے میرے کان کی آواز بہت کم ہوگئی جس کی وجہ سے مجھے بہت شرمندگی ہوئی ہے جبکہ میرے کان پہلے بالکل ٹھیک ٹھاک تھے لیکن کچھ مہینوں سے میرے کان کی آواز کم ہوگئی ہے میرے شوہر میرا علاج وغیرہ کروانے کی بجائے سب کے ساتھ مل کر میرا مذاق بناتے ہیں۔ کان کے بہت سے ٹیسٹ بھی کروائے‘ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا۔ بس آپریشن کا کہا جاتا ہے جبکہ میرے کان میں کوئی خرابی محسوس نہیں ہوتی ہے۔ کان میں دوائیں بھی بہت ڈالیں اور گولیاں بھی کھائیں لیکن سارا علاج بے سود رہا آپ مشورہ دیں کہ آپریشن کراوں یا نہیں؟ (عابدہ۔ کراچی)
مشورہ: ہماری رائے میں تو کان کا آپریشن کروانے کی بجائے کان کا علاج ہونا چاہیے۔ فی الحال آلہ سماعت بھی لگوا سکتی ہیں جو بہت خوبصورت قسم کے چھوٹے سے چھوٹے سائز میں دستیاب ہیں۔ اس کے لگانے سے آپکی یہ مشکل حل ہوجائیگی مگر علاج سے غافل نہ ہوں۔ آپریشن سے بچیں۔ اگر نزلہ زکام ہوتو اس کا علاج کروائیں۔غذا نمبر6استعمال کریں۔
سفید بال
میری عمر 24 سال ہے۔ طالب علم ہوں سب سے بڑا مسئلہ میرے بالوں کا ہے۔ سر کے آدھے بال سفید ہورہے ہیں۔ موروثی طور پر کوئی بیماری ہے۔ مہندی اور مختلف رنگوں سے پرہیز کرتا ہوں کیونکہ یہ بالوں کو کمزور کرتے ہیں۔ براہ کرم ایسا حل بتادیں کہ بالوں کی سفیدی دور ہوجائے۔ یہ دوبارہ گھنے‘ سیاہ اور چمکدار بن جائیں۔ میری نظر بھی بہت کمزور ہے
اس وقت میری عینک کا نمبر 4 ہے۔
(محمدصفدر‘ ژوب بلوچستان)
مشورہ: آپ کے تمام مسائل کمزوری کی وجہ سے ہیں۔ سفید بال تو اب کالے نہیں ہونگے مگر مزید سفید ہونے میں کمی ہوسکتی ہے۔ عمدہ بنا ہوا خمیرہ ابریشم چھ گرام صبح کھائیں۔ جوارش جالینوس چھ گرام سوتے وقت کھائیں۔ دودھ‘ چاول اور ٹھنڈی چیزوں سے پرہیز کریں۔ صبح و شام لمبی چہل قدمی کریں۔ امید ہے افاقہ محسوس ہوگا۔غذا نمبر5استعمال کریں۔
حفاظت
حمل کے دوران بچے سوکھ جاتے ہیں‘ ڈاکٹر کہتے ہیں ان کی نشوونما رک جاتی ہے۔ دو حمل ضائع ہوچکے ہیں۔ خاوند کہتے ہیں اب جب تک نقص دور نہ ہو حمل نہیں ہونا چاہیے ورنہ پھر یہی مسئلہ ہوجائے گا اس کی حفاظت کیلئے کوئی نسخہ بتائیں۔
(م....‘ ڈنمارک)
مشورہ: آپ کے شوہر کا مشورہ بالکل درست ہے پہلے اصل سبب اسقاط کو دور کرنا بہت ضروری ہے جب سبب دور ہوجائے تو حمل قرار پانے میں حرج نہیں، حمل کے دوران معجون حمل عنبری عومی خان والی صبح پانچ ماشہ روزانہ کھاتی رہیں ویسے ام الصبیان سے حفاظت اور نشوونما بھی انشاءاللہ ہوگی۔
شربت گاو زبان
مجھے خفقان رہتا ہے۔ دل کمزور ہے۔ مجھے کسی شربت کا مشورہ دیں گولیاں معجون وغیرہ نہ بتائیں کیونکہ مجھے شربت پسند ہے۔ (حکیم عبدالحق شمسی‘ چیچہ وطنی)
مشورہ: گاوزبان سترہ تولہ کو رات کو پانی میں بھگو کر صبح جوش دیکر چھان لیں اور ایک سیر چینی ملا کر شربت بنالیں اور عرق گلاب ساڑھے سات تولہ کا اضافہ کرکے چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرکے بوتلوں میں بھرلیں۔ چار تولہ تک خوراک ہے۔ گرم خفقان اور دل کی بڑھتی ہوئی حرکات میں مفید ہے۔ ہائی بلڈپریشر کو فائدہ کرتا ہے۔ سرد مزاج اور لوبلڈپریشر والوں کویہ شربت موافق نہیں ہے۔غذا نمبر8-6 استعمال کریں۔
ہچکی
دس سال پہلے بواسیر ہوئی تھی اس دوران خون بہت نکلا‘ ڈاکٹر نے آپریشن کا مشورہ دیا۔ آپریشن کے بعد خون نہیں آیا‘ مگر بدہضمی رہنے لگی ہے۔ ہر وقت پیٹ میں گرانی سی رہتی ہے۔ ریاح کی شدت پریشان کیے رکھتی ہے۔ سب سے بڑی تکلیف ہچکی ہے آئے دن ہچکی لگ جاتی ہے‘ بہت تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔ پردیس میں ڈاکٹروں کوسمجھانا مشکل ہے۔ (ستارہ بیگم۔ نیویارک)
مشورہ: پاکستان سے کسی کے ہاتھ حب پچنول منگوا لیں اور کھانا کھانے کے بعد دو گولیاں کھالیا کریں‘ بادی چیزوں سے پرہیز رکھیں۔غذا نمبر7-2 استعمال کریں۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 644
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں