کالی عورت
میںنے دیکھا کہ میرے سابق شوہر کھڑے ہوئے ہیں منظر بدلتا ہے‘ ایک کمرہ ہے‘ اس میں ہماری بہن کے جیٹھ (د) اور ان کی اماں بیٹھی ہوئی ہیں۔ میں خود ہوں اور ایک کالی عورت ہے۔ یہ عورت مجھ سے بہت لڑرہی ہے۔ میں چپ ہوں‘ (د) بھی چپ ہے‘ میں اپنی امی کے گھر آنے لگتی ہوں‘ (د) سے بولتی ہوں بڑی اماں کے سوپ میں کتنی لونگیں ڈالوں‘ تو وہ بولتی ہے دو لونگیں‘ کالی عورت میرے ساتھ ہوتی ہے۔ میں کمرے کا دروازہ بند کردیتی ہوں۔ میرے ہاتھ میں پیتل کا تالا اور چابی ہوتی ہے۔ میں تالا بند کرتی ہوں اور امی کے گھر آ جاتی ہوں۔ کالی عورت میرے ساتھ آتی ہے۔ (سعدیہ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کے دشمنوں کو انشاءاللہ ناکامی ہوگی اور وہ آپ کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچاسکیں گے۔ آپ روزانہ 119 بار ”یَاحَفِیظُ“ پڑھ لیا کریں۔
تین سفید بلیاں
میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر کے پچھلے صحن میں جاتی ہوں جہاں چھوٹے بڑے درخت ہوتے ہیں ان میں سے ایک اونچے درخت پر تین سفید رنگ کی بلیاں بیٹھی ہوتی ہیں جنہیں میرا درمیان والا بھائی کسی لکڑی کی مدد سے وہاں سے ہٹاتا ہے لیکن وہ وہیں بیٹھی رہتی ہیں اور میرا بھائی وہاں سے چلا جاتا ہے۔ پھر میں ایک بہت بڑے اور سرسبز کے درخت کے نیچے کھڑی ہوجاتی ہوں جو زیادہ اونچا تو نہیں ہوتا لیکن اسکی شاخیں تقریباً زمین سے لگی ہوتی ہیں میں ایک موٹی شاخ کو پکڑ کر کہتی ہوں کہ اس پر جھولا ڈالوں گی‘ درخت کی شاخیں بے حد نرم اور تازہ ہوتی ہیں۔ پھر میں اس درخت سے نکل کر اس درخت کی طرف جو شاید بیری کا ہوتا ہے آتی ہوں تو ان بلیوں کی سفید رنگ کی ہی لمبی لمبی مونچھیں ہوتی ہیں اور وہ تینوں بلیاں مجھے گھور رہی ہوتی ہیں۔ پھر میں وہاں سے چلی جاتی ہوں۔ ( ع۔ی گوجرانوالہ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ کچھ لوگ آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں اور اس کیلئے موقع کی تلاش میں ہیں۔ لیکن انشاءاللہ وہ اپنے مقصد میں ناکام ہوں گے۔ آپ یَاحَفِیظُ 119 بار آیت الکرسی ایک بار ہر نماز کے بعد پڑھ لیا کریں۔
حفاظت
خواب: میں نے دیکھا میں اور میری دو چھوٹی بہنیں بازار میں ہیں اور وہاں ماتم کیا جارہا تھا۔ تمام لوگوں نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔ ایک عورت نے کہا ان لڑکیوں کو بھی ماتم میں شامل کرلو میں ڈر جاتی ہوں دریںاثناءعورت ہمیں ماتم میں دھکا دیتی ہے۔ میں اور میری بہنیں بہت حیران ہورہی ہوتی ہیں‘ ایک میدان ہے جس کے آمنے سامنے قدیم سیڑھیاں جارہی ہیں میں وہاںسے نیچے اترتی ہوںاور اپنی جان بچانے کیلئے دوسری طرف اوپر چڑھتی ہوں کہ اتنے میں ایک شاہ آتا ہے اور میری طرف دیکھ کر کہتا ہے کہ تم یہاں پر ہو‘ میں نے تمہیں ماتم میں بھیجا تھا۔ میں اس سے بچنے کے لئے بھاگتی ہوں۔ ایک آدمی مجھے کہتا ہے تمہاری مدد صرف ایک شخص کرسکتا ہے ان کا نام حضرت علی رضی اللہ عنہ ہے۔ میں نے کہا کہ وہ کہاں پر ہیں؟ تو اس نے کہا وہ جو سبز دروازہ ہے تم اسکو کھٹکھٹاو۔ میں دروازے پر دستک دیتی ہوں تو اندر سے آواز آتی ہے اندر آجاو۔ میں اندر چلی جاتی ہوں تو سامنے ایک نہایت خوبصورت شخص کھڑے ہیں جنہوں نے سپہ سالار جیسا سبز رنگ کا سوٹ جو پاوں تک ہوتا ہے اور ایک طرف نیام میں تلوار رکھی ہوئی ہے۔ ان کا نام حضرت علی رضی اللہ عنہ ہے۔ میری بہن کی استانی کوثر حیات آتی ہیں اور مجھ سے کچھ کہتی ہیں تو حضرت علی رضی اللہ عنہ مسکراتے ہیں پھر حضرت علی رضی اللہ عنہ مجھے کمرے سے باہر لے کر آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے معلوم ہے کہ مجھے تمہاری مدد کرنی ہے۔ اتنے میں میری بھتیجی آکر کہتی ہے کہ چاچو آئے ہیں میں کہتی ہوں میں خود پریشان ہوں اور یہ بھی آگئے۔ پھر میں اپنے بھائی کو حضرت علی رضی اللہ عنہ کے گھر بھیج دیتی ہوں اور کہتی ہوں کہ اب تم محفوظ ہو۔ اتنے میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (عظمیٰ ملک‘ ملتان)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کی تمام پریشانیاں اور مشکلات انشاءاللہ جلد دور ہوں گی اور تمام کام آسانی سے طے پاجائیں گے۔ آپ امیر المومنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ایصال ثواب کیلئے نفل‘ صدقات اور عبادات کا اہتمام کریں تاکہ ان کی توجہات آپ پر ہوں۔
مرحوم شوہر کی شادی
میں اپنی شادی سے پہلے بہت دفعہ یہ دیکھتی تھی کہ میرے جوتے گم ہوجاتے ہیں اور میری چادر سر سے غائب ہوجاتی ہے۔ پھر شادی کے فوراً بعد شوہر کا انتقال ہوگیا۔ کئی دفعہ خود کو بلندی پر چڑھتے دیکھا مگر مشکل سے اترتی ہوں یا پھر ایک دم راستہ آسان ہوجاتا ہے۔ خود کو امتحان دیتے دیکھتی ہوں۔ کالج میں ٹیچرز کے ساتھ یہ خواب تین چار بار دیکھا کہ انگلش کا پیپر ہے ٹیچر میری جاننے والی ہے وہ سارے سوال بتاتی ہے میں پانی پینے باہر جاتی ہوں پھر مجھے کمرہ امتحان میں واپس نہیں آنے دیا جاتا پھر اگلے روز دیکھا کہ کمرہ امتحان میں کرسیاں کم ہیں میں کہتی ہوں میں نے پیچھے بیٹھ کر پرچہ حل نہیں کرنا‘ پھر شاید آخر میں‘ میں نیچے بیٹھ جاتی ہوں۔ میری سسرال میں کوئی فوت ہوگیا ہے۔ سب لوگ گھر میں جمع ہوتے ہیں کوئی کہتا ہے شوکت اندر ہے (میرا مرحوم شوہر) میرا دل کرتا ہے میں ان سے ملوں اور ان کو دیکھوں‘ پھر سوچتی ہوں عورتیں کیا کہیں گی۔ پھر منظر بدلتا ہے میں اپنی نند کے گھر ہوں‘ وہاں میرے مرحوم شوہر کی بیوی اور بیٹیاں ہیں (حقیقت میں ان کی میرے ساتھ ہی شادی ہوئی تھی) میں انہیں دیکھ کر صدمے کی وجہ سے بہت روتی ہوں کہ میرے شوہر نے شادی کی اور مجھے پتہ ہی نہیں۔ پھر میں اپنی سسرال واپس آتی ہوں‘ وہاں کچرا بن رہا ہوتا ہے۔ سب مزدور ہمدردی سے مجھے دیکھتے ہیں کیونکہ میں رو رہی ہوتی ہوں۔
(انیلہ شاہین‘ راولپنڈی)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کے شوہر مرنے کے بعد بہت اچھی حالت میں ہیں‘ آپ انہیں حسب توفیق ایصال ثواب کردیا کریں نیز اس بات کا اندیشہ ہے کہ کچھ لوگ آپ کی مخالفت میں آپ کیلئے پریشانیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس لئے ہوسکے تو دوسری شادی کرلیں۔ واللہ اعلم۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 665
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں