ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں اور مراقبہ بھی کرواتے ہیں۔قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
قارئین! آپ کشف المحجوب کے باب ’’صوفیانہ زندگی‘‘ کے حلقہ کا خلاصہ گزشتہ اقساط سے پڑھ رہے ہیں۔ اسی باب کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے شیخ الوظائف نے اپنا ایک واقعہ بیان فرمایا:دنیاوی محبت کی مثال: میرے پاس ایک صاحب آئے ان کے اوپر عشق کا حال تھا ناخن بڑھے ہوئے، مونچھیں بڑھی ہوئی ، پہلے شیو کرتا تھا اب شیو بڑھی ہوئی ، منہ سے بدبو ،بال بکھرے ہوئے ،سر میں جوئیں، بدن کی صفائی نہیں اورجسم کے سب بال بڑھے ہوئے تھے ایک ٹکٹکی باندھ کر بس مجھے دیکھے جا رہا تھا۔میں اس سے جو بات کرتا تومیری کسی بات کا جواب ہی نہیں دیتا تھا اسے بس ایک چپ لگی ہوئی تھی۔ میں نے ساتھ آنے والے سے چپکے سے کہا ذرا اسکی محبوبہ کا نام مجھے بتاؤ‘ انہوں نے محبوبہ کا نام کان میں بتایا ،میں نے سفید بڑا سا کاغذ لیا اور اسکے پیچھے بڑا بڑا وہ نام لکھ کراس کے سامنے کیا اور تین بار اس نام کو پکارا۔بس! اس کی ہائے نکل گئی میں نے پوچھا بتاؤ تو سہی یہی چاہیے ایک ٹھنڈی آہ بھر کے کہنے لگا ہاں! یہی چاہیے۔ وہ حال تواس بیچار ے کے بس میں بھی نہیں ہے اور میرے سامنے جب وہی بندہ ہوش میں آیا اپنے حال سے باہر نکلا تو اس نے اپنے سارے ظاہر کو پھر سنوار لیا۔ایک چیز مجھے بتائیں کہ اسنے جو اپنے محبوب کیلئے یہ حال بنایاہے اب کوئی دوسرا بندہ بھی کہے میں بھی یہ حال بنا لوں اور میں بھی اپنی شکل ایسی ہی بناؤں۔بالکل نہیں۔پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: صوفی کی زندگی میں شریعت کو دیکھو۔ حتیٰ کہ وہ اپنی کتاب میں واضح فرما رہے ہیں کہ بعض اہل اللہ نے دیکھا کہ ہمارے مریدین صوفیانہ لباس سے اپنے آپ کو کچھ سمجھنے لگے تو انہوں نے فوراً کہا کہ فاخرہ لباس پہنو ،اچھے سے اچھا لباس پہنو تاکہ تمہارے اندرسے یہ بات نکل جائے، یہ لباس اتار دو۔ صوفی وہ ہوتا ہے جو اپنے من کو صاف رکھنے کی بھرپور کوشش کرے۔صوفی وہ ہوتا ہے جس کے اندر صفات الٰہی آجائیں۔ صوفی وہ ہوتا ہے جس کے اندر صفات مصطفائیﷺ آجائیں۔
بدعت دین کی دشمن
اپنی زندگی کو اگر صوفیا ء کرام رحمہم اللہ کی زندگی پہ ڈھالنا ہے تو یہ دیکھیں !کہ اگرکوئی شخص اپنے آپ کو صوفی کہہ رہا ہے اور اسکی زندگی میں ایسی چیزیں ہیں جو حضورﷺ کے دور میں نہیں تھیں ،صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے دور میں نہیں تھیں، اہل بیت، اولیاء کرام رحمہم اللہ ،صالحین کو خوابوں میں بھی وہ نظر نہ آئیں جن کو یہ دین کہتاہے توسمجھ لو وہ میرے اللہ اور رسول کی ناپسندیدہ چیزبدعت ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں