کسانوں کے روزمرہ مسائل اور عبقری کے آسان ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں ایک دیہاتی آدمی ہوں اور کاشتکاری میرا پیشہ تھا۔ آج میں اپنے کسان بھائیوں کو ایک درد بھری اپنی داستان سنانا چاہتا ہوں۔ یقیناً میری آپ بیتی پڑھ کر بہت سے کسان بھائی وہ غلطیاں نہ دہرائیں گے جو میں نے کیں:۔قارئین میں ایک خوشحال کاشتکار تھا‘ کام بہت اچھا چل رہا تھا۔ میری والدہ بچپن میں وفات پاگئیں تھیں۔ میری فصلیں بہترین ہوتیں اور ہر فصل میں خوب منافع کماتا۔ میرے دن رات بڑے بہترین گزر رہے تھے۔ لوگ مجھ سے قرض مانگنے آتے اور میں بنا شش و پنج لوگوں کو ان کی مانگی رقم اٹھا کردے دیتا۔
سارے گاؤں والے مجھ سے خوش تھے‘ میری جب بھی گندم کی فصل پک کر تیار ہوتی میں گاؤں کے ہر غریب کے گھر موجود بھرولے گندم سے بھر دیتا۔ وہ سارا سال کھاتے اور مجھے دعائیں دیتے۔ میرےاس عمل کی بدولت اگلے سے میری فصل مزید بہتر ہوتی۔ کسان بھائیو! یہ تو تھے میری خوشحالی کے دور اب آتا ہوں اپنے حال کی طرف۔
میرے والد کو دمہ‘ ٹی بی اور دل کا عارضہ لاحق ہوگیا‘ ان کے علاج معالجہ کیلئے میں ان کو شہر لے گیا اور شہر کے اچھے سے اچھے ہسپتال میں کا علاج کروایا اور پیسہ پانی کی طرح بہایا۔ معاشی حالات خراب ہونا شروع ہوئے تو میں نے چند دوستوں سے ادھار لے کر کاشتکاری کی‘ مگر توجہ نہ دینے کی وجہ سے فصل بھی اس سال اچھی نہ ہوئی تو قرض کے بوجھ تلے مزید دبتا گیا پھر مجھ سے ایک بڑی غلطی ہوئی کہ میں نے سود پر قرض لینا شروع کردیا جس نے ایسی تباہی مچائی کہ میرا کچھ نہ بچا۔ سود کے پیسوں سے فصل بوئی اور وہ ایسی تباہ ہوئی کہ لوگ آآکر کر دیکھتے اور عبرت حاصل کرتے۔ دکانداروں سے ادھار لینا شروع کیا‘ پہلے تو وہ خوش ہو کر دیتے کہ کوئی بات نہیں آپ کی اپنی دکان ہے۔ مگر اب دکانداروں نے بھی ادھار دینا چھوڑ دیا ہے۔ جو آتا میں سود ادا کرتا رہا اور باقی رقم ویسے کی ویسے ہی رہی‘ پھر ادھار لی رقم پر بھی سود بڑھتا گیا اور اب میرے اوپر 25 لاکھ کا قرض ہے۔ زمین بک گئی‘ گھر بک گیا‘ سب کچھ برباد ہوگیا کاش میں سود پر رقم نہ لیتا‘ سود جیسے ہی میرے گھر آیا میرا کچھ بھی نہ بچا۔ ایک سال کا عرصہ ہوگیا ہے میں گھر سے بھاگا ہوا ہوں‘ ایک چھوٹے سےشہر کے ایک چھوٹے سے کچے علاقہ میں چھپ کر زندگی گزار رہا ہوں۔ کوئی کام کرنے کو بھی دل نہیں کرتا‘ ہروقت پریشان اور بیمار سا رہتا ہوں‘ آج میں بہت مصیبت اور پریشانی میں ہوں‘ مجھے کاشتکاری کے سوا کچھ آتا بھی نہیں۔ میرے کسان بھائیو! خدارا کبھی بھی سود کی رقم کی لے کر کاروبار ہرگز مت کیجئے گا۔ ورنہ آج نہیں تو کل بربادی آپ کا مقدر بنے گی اور میں نہیں چاہتا کوئی میری طرح برباد ہوجائے۔ میں ماہنامہ عبقری ایک دوست سے لے کر ہر ماہ پڑھتاہوں‘ اس میں ’’کسان دوست‘‘کالم پڑھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ محترم حکیم صاحب! میرا نام ہرگز شائع مت کیجئے گا۔ (پوشیدہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں